21 جنوری 2015 - 06:15
سانحہ پشاور کے بیشتر ملزمان گرفتار ہو چکے

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے انسپکٹر جنرل پولیس ناصر خان درانی نے سانحہ پشاور کی تفتیش میں اہم پیش رفت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ میں ملوث بیشتر ملزمان پاکستان اور افغانستان سے گرفتارہوچکے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے انسپکٹر جنرل پولیس ناصر خان درانی نے سانحہ پشاور کی تفتیش میں اہم پیش رفت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ میں ملوث بیشتر ملزمان پاکستان اور افغانستان سے گرفتارہوچکے ہیں۔ پاکستانی کے نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق سانحہ پشاور کے شہدا کے چہلم پر آئی جی خیبرپختونخوا ناصر درانی نے بتایا کہ سانحے کی تفتیش درست سمت میں جاری ہے اور اس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے جبکہ اسکول پر حملے میں ملوث بیشتر ملزمان پاکستان اور افغانستان سے گرفتار ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی افغان مہاجرین کی بڑی تعداد گرفتار کی گئی ہے اور اس سلسلے میں وفاقی حکومت اور عسکری قیادت افغان قیادت کے ساتھ رابطے میں ہے تاہم پاکستان اور افغانستان کے درمیان ملزمان کے تبادلے کا کوئی معاہدہ نہیں ہوا ہے۔ واضح رہے کہ پشاور میں 16 دسمبرکو آرمی پبلک اسکول پر حملے میں 134 بچوں سمیت 144 افراد جاں بحق ہوگئے تھے اور سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں تمام دہشت گرد مارے گئے تھے ۔

.......

/169